بیرون ملک جانے کی اجازت کیلئے کارتی کی درخواست کی فوری سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کی کریمنل مقدمات کا سامنا کرنے والے سینئر کانگریس قائد پی چدمبرم کے فرزند کارتی چدمبرم کی جانب سے انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے لئے داخل کی گئی درخواست کی فوری سماعت سے انکار کردیا۔ چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کی زیرصدارت بنچ نے کہاکہ کارتی چدمبرم کا بیرون ملک جانے کا مسئلہ فوری سماعت کے لئے کوئی اہم معاملہ نہیں ہے۔ اس بنچ نے جو جسٹس یو یو للت اور کے ایم جوزف پر بھی مشتمل ہے، کہاکہ کارتی چدمبرم کا بیرون ملک جانے کی بات اس قدر اہم نہیں ہے جو دوسرے مقدمات پر مقدم ہوگی۔ فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی اس بنچ نے کہاکہ ججس کے پاس جن سے وہ نمٹ سکتے ہیں اس سے زیادہ کیسیس ہیں۔