بیرونی سیاحوں کا برسر عام سر قلم کرنے القاعدہ کا منصوبہ

ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سیکوریٹی سخت ، دہلی پولیس چوکس
نئی دہلی ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ہندوستان میں بیرونی سیاحوں کا برسر عام سر قلم کرنے القاعدہ کے منصوبہ کا پتہ چلنے کے بعد سیکوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے ۔ دارالحکومت دہلی میں پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ القاعدہ کے ایک ویڈیو میں ہندوستان کا دورہ کرنے والے بیرونی سیاحوں کا سر قلم کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ اخباری اطلاعات کے مطابق انٹلی جنس ایجنسیوں نے اس ویڈیو کا جائزہ لیا ہے جس میں القاعدہ کے ہندوستانی شاخ پر زور دیا گیا ہے کہ القاعدہ دہشت گردوں کو چاہئے کہ وہ ہندوستان میں بیرونی سیاحوں کا برسر عام قلم کریں ۔ دہلی پولیس کی خصوصی برانچ نے شہر میں ہائی الرٹ اختیار کرلی ہے تاہم سیکوریٹی ماہرین نے اس ویڈیو سے لاحق خطرات کو مسترد کردیا ۔ ہندوستان میں القاعدہ کی موجودگی کا اعلان ستمبر میں کیا گیا تھا جب ایمن الظواہری نے برصغیر ہند میں نئی شاخ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو میں انصاری الدعوۃ فی البلاد الہند نے عہد کیا ہے کہ وہ القاعدہ کے منصوبوں کو بروے کار لائے گا ۔۔