واشنگٹن ۔ 20ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہوئے تنہا درندہ (شخص ) کے حملہ کے پیش نظر امریکہ نے اپنے شہریوں کو کرسمس اور سال نو کی تعطیلات کے دوران دنیا بھر کے کسی بھی علاقہ کے سفر کے خلاف خبردار کیا ہے ۔ وزارت خارجہ نے گزشتہ روز کہا کہ ’’سڈنی آسٹریلیا میں 15 ڈسمبر کو ایک تنہا بھیڑیہ کے نتیجہ میں دو یرغمالی ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ امریکی شہریوں کو یہ بات یاد دلاتا ہے کہ وہ غیرمعمولی طورپر محتاط رہیں ، زیادہ سے زیادہ چوکسی اختیار کریں اور اپنی شخصی سکیورٹی میں اضافہ کریں‘‘ ۔ امریکی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’’امریکی شہریوں کے سفر سے متعلق خبرداری و چوکسی کی یہ مدت 19 مارچ 2015ء کو ختم ہوگی ۔ ماضی کے حملوں اور خطرات و دھمکیوں کی اطلاعات پورے وثوق کے ساتھ اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ دہشت گرد نہ صرف امریکی حکومت اور اس کی تنصیبات کو نشانہ بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہیں بلکہ ان تعطیلات کی مدت کے دوران عبادات کے مقامات ، اسکولوں ، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں ‘‘ ۔ امریکی وزارت خارجہ نے فی الحال بیرونی ممالک میں مقیم اپنے شہریوں کو بھی چوکس و محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے ۔