حیدرآباد ۔ 25 ۔ مئی : ( محمد ریاض احمد ) : سیر و سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں نوجوانوں کے لیے کافی مواقع ہیں وہ ان شعبوں میں مختصر مدتی کورس کرتے ہوئے ہزاروں روپئے ماہانہ تنخواہ حاصل کرسکتے ہیں لیکن ہمارے نوجوانوں کو رہنمائی حاصل نہ ہونے کے باعث وہ ان مختصر مدتی کورس اور اس کے فوائد سے واقف نہیں رہتے تاہم مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے لیے کمربستہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور ادارہ سیاست نے مسلم بیروزگار نوجوانوں کو ہاسپٹالیٹی ( مہمان نوازی ) کے شعبہ میں تربیت فراہم کراتے ہوئے انہیں روزگار سے وابستہ کرنے کی کوشش شروع کی ۔ چنانچہ آج تقریبا 150 نوجوانوں نے ہوٹل مینجمنٹ کے تحت اسٹیوارڈ کا کورس کرنے کے لیے منعقدہ ٹسٹ میں شرکت کی ان میں سے 40 لڑکوں پر مشتمل پہلے بیاچ کی تربیت کا آغاز یکم جون سے شروع ہوجائے گا ۔ اس کے پندرہ دن بعد ہی 40 لڑکوں پر مشتمل دوسرے گروپ کی تربیت شروع ہوگی ۔ روزگار سے مربوط یہ کورس ILFS-NITHM انسٹی ٹیوٹ آف اسکلس گچی باولی سیاست کے تعاون و اشتراک سے چلا رہے ہیں ۔ راقم الحروف سے بات چیت میں مسٹر کرشنن ڈپٹی ریجن ہیڈ ( اسکلس ) نے بتایا کہ ان کا ادارہ روزنامہ سیاست کے اشتراک سے ایسے نوجوانوں کو جن کی کم از کم قابلیت ایس ایس سی ہو روزگار سے مربوط کورس کی مفت سہولت فراہم کررہا ہے ۔ آج اس ضمن میں سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں اسکریننگ ٹسٹ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ Steward کی تربیت پانے والے ان نوجوانوں کو لنچ کی سہولت حاصل رہے گی ۔ اس کے علاوہ بس پاس بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ اضلاع کے طلبہ کو ادارہ میں ہی قیام و طعام کی مفت سہولت فراہم رہے گی ۔ مسٹر کرشنن کے مطابق ٹریننگ کے دوران ان نوجوان لڑکے لڑکیوں کو کمپیوٹر ، انگریزی بول چال اور شخصیت سازی کی تربیت سے بھی آراستہ کیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اسٹیوارڈ کا کورس کرنے والے طلبہ کو علاقائی قومی و بین الاقوامی ہوٹلوں میں ملازمتیں مل سکتی ہیں ان کا ادارہ تربیت کی فراہمی کے بعد ان نوجوانوں کو ملازمتیں بھی دلاتا ہے ۔ ان لڑکوں کی ابتدائی تنخواہ کم از کم 6000 تا 9000 ہوتی ہے اور تھوڑا سا تجربہ حاصل ہونے پر وہ ایک بڑی تنخواہ حاصل کرنے کے مستحق ہوجاتے ہیں ۔ یوروپ و ایشیائی ممالک خاص کر مشرق وسطیٰ کی ہوٹلوں میں اسٹیوارڈ کی کافی مانگ ہے ۔ ILFS میں تربیت پانے والے ایسے طلباء جو اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہوں مذکورہ ادارہ ان کی بھر پور مدد کرتا ہے ۔ مسٹر کرشنن نے مزید بتایا کہ آئی ایل ایف اسکلس ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ایک ایسا ادارہ ہے جسے ایجوکیشن اینڈ ٹکنالوجی سرویس اینڈ نیشنل اسکلس ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ کی بھر پور سرپرستی حاصل ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں مسٹر کرشنن کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل اور ذات پات کے بیروزگار نوجوانوں کو مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں ، ویلڈنگ انجینئرنگ ، تعمیرات ، اسٹیل بزنس ، بی پی او کے شعبوں میں نہ صرف تربیت فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں معیاری کمپنیوں ، ہوٹلوں اور سنٹرس میں روزگار سے بھی جوڑتا ہے ۔ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو کپڑوں کی تیاری بشمول لیدر ( چمڑے کے جیکٹس دستانے ) وغیرہ بنانا بھی سکھایا جاتا ہے ۔ یکم جون سے گچی باولی میں پہلے بیاچ کا آغاز ہورہا ہے ۔ کلاسیس صبح 9-30 تا 4-30 بجے شام ہوں گی ۔ آپ کو پھر یاد دلانا چاہیں گے کہ ہاسٹل میں رہ کر کورس مکمل کرنے والے طلبہ کے لیے قیام و طعام کی مفت سہولت رہے گی ۔ مینجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں نے اسکریننگ ٹسٹ دینے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورسیس ان کے لیے باوقار ہوٹل مینجمنٹ کے شعبہ میں مواقع کے دروازے کھولے گا ۔ اس موقع پر سیاست ہیلپ لائن کے جناب خالد محی الدین اسد اور آئی ایل اینڈ ایف ایس اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ کے تحت کام کرنے والے ادارہ NITHM کے ٹرینرس محمد فہیم ، سموئیل اور اسٹانلی بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران ہاسٹل میں رہنے والے طلبہ کے لیے سحر و افطار کا اہتمام بھی رکھا گیا ہے ۔۔