حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت بے روزگار اقلیتی ، ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی زمروں کے 2000 افراد کو جاریہ مالی سال میں ٹیکسیاں فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس مناسبت سے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور میناریٹی قوموں کی ترقی کے لیے جاریہ خود روزگار اسکیمات کی عمل آوری سے متعلق سرکاری مشیر مسٹر اے راما لکشمن نے سکریٹریٹ میں متعلقہ عہدیداران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے عہدیداران کو مشورہ دیا کہ حکومت کی خود روزگار اسکیمات کی عمل آوری کے لیے خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ کار اور ٹیکسی بے روزگار افراد کو فراہم کرنے میں اوبیر ادارے کا تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ سرکاری مشیر نے مزید کہا کہ ایس سی کارپوریشن نے تاحال 1.19 لاکھ درخواستیں حاصل کی ہیں جن میں سے مستحق افراد کا انتخاب کیا جائے گا ۔