3000 ہزار افراد کے خلاف ایف آئی آر، 26 گرفتار
بہرائچ ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے بہرائچ ٹاؤن میں پولیس نے کہا ہیکہ موہربا گاؤں کے قریب ایک مذہبی جلوس میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے بعد 3000 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے اور 26 کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ایک سینئر پولیس آفیسر نے کہا کہ ’’گذشتہ روز مذہبی جلوس کے دوران فرقہ وارانہ کشیدگی کے ضمن میں 3042 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے اور دیگر 26 کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کنجال سنگھ نے کہا کہ تشدد کے دوران شدید زخمی ہونے والے دیہاتیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے اور معمولی زخمیوں کو 20 ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ پولیس کے مطابق اس علاقہ کے نانپارہ گاؤں میں جلوس محمدی ؐ کے دوران موسیقی اور باجے بجانے کے مسئلہ پر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد ایک طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک مذہبی عبادتگاہ کو نقصان پہنچایا تھا۔ تشدد اس وقت پھوٹ پڑا جب دوسرے طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس واقعہ پر اعتراض کیا تھا۔ سنگباری کے واقعات میں دیہاتیوں اور ملازمین پولیس کی کثیر تعداد زخمی ہوئی ہے۔ تین گھروں اور دو موٹر کاروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔