بہتر حکمرانی سے ہی ترقی یقینی، گڈ گورننس ترقی کی ضامن

ٹی آر ایس کے ٹریننگ کیمپ میں سی ایچ ہنمنت راؤ و جی ایم لنگڈوہ کے خطبات
حیدرآباد۔2مئی ( سیاست نیوز) ممتاز ماہر معاشیات سی ایچ ہنمنت راؤ اور سابق چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا جی ایم لنگڈوہ نے آج ناگر جناساگر میں ٹی آر ایس کے ٹریننگ کیمپ میں وزراء اور عوامی نمائندوں کو حکمرانی کے انداز اور طریقوں سے واقف کرایا ۔ جی ایم لنگڈوہ نے افتتاحی سیشن سے خطاب میں کہا کہ بہتر حکمرانی کے ذریعہ ہی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’گُڈگورننس‘‘ہی ترقی کی ضامن ہے ۔ لہذا وزراء اور عوامی نمائندوں کو اپنی کارکردگی کو شفاف اور عوامی خدمت کے مطابق ڈھالنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بھاری خرچ کے رواج کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر عوامی نمائندے کی کارکردگی عوام کے توقعات کے مطابق ہو تو اسے انتخابات میں بھاری خرچ کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر حکمرانی کی راہ میں اہم رکاوٹ بھاری انتخابی اخراجات ہیں ۔ انہوں نے عوامی نمائندوں کو الیکشن کمشنر کی حیثیت سے اپنے تجربات بیان کئے اور کہا کہ سینئر قائدین کو چاہیئے کہ وہ جونیئر قائدین کیلئے مثالی ثابت ہوں ۔انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں عوامی نمائندے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ کامیاب نمائندے ثابت ہوتے ہیں ۔ ماہر معاشیات سی ایچ ہنمنت راؤ نے کہا کہ 60برسوں تک متحدہ ریاست آندھراپردیش میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی اور حکمرانوں نے تلنگانہ کے وسائل کو آندھرا کے فائدہ کیلئے استعمال کیا ۔ انہوں نے حکومت کے مشن کاکتیہ پروگرام کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ نہ صرف خشک سالی کے مسئلہ سے نمٹا جاسکتا ہے بلکہ تاریخی جھیلوں اور تالابوں کا تحفظ ممکن ہے ۔ انہوں نے کے جی تا پی جی مفت تعلیم سے متعلق حکومت کی اسکیم کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس پر عمل آوری کے ذریعہ غربت کا خاتمہ ممکن ہے ۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ راجیو گاندھی کے دور حکومت میں اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ پلاننگ کمیشن کی جگہ نیا ادارہ قائم کیا جائے ۔ انہوں نے پنچایت راج نظام کو مستحکم کرتے ہوئے مواضعات کی صورتحال تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹکنالوجی زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے ۔ حکومت کو چاہیئے کہ عوام کی بھلائی کیلئے اس ٹکنالوجی سے استفادہ کرے ۔ افتتاحی سیشن میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہنمنت راؤ اور جے ایم لنگڈوہ کو تہنیت پیش کی اور انہیں یادگاری مومنٹو پیش کیا ۔ ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کرنے والے اڈمنسٹریٹیواسٹاف کالج آف انڈیا کے ڈائرکٹر جنرل روی کانت کو بھی چیف منسٹر نے تہنیت پیش کی ۔ دو روزہ سیشن میں 10موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے جس پر مختلف ماہرین نہ صرف لکچر دیں گے بلکہ وزراء اور عوامی نمائندوں کے سوالات کا جواب دیں گے ۔ ٹریننگ کے آخری دن مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا ۔