بہار کے مدرسہ میں لڑکیوں کے داخلہ پر امتناع

پٹنہ ۔ 14 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بہار میں حکومت سے ملحقہ ایک مدرسہ میں لڑکیوں کے داخلہ پر امتناع عائد کیا گیا ہے کیوں کہ وہاں لڑکیوں کیلئے علحدہ انتظام نہیں ہے اور مخلوط تعلیم اسلامی تعلیمات کے مغائر ہے ۔ مدرسہ عزیزیہ جو بہار شریف میں واقع ہے ، نے ایک فتویٰ جاری کیا ہے جسکے مطابق لڑکیوں کو مدرسہ میں داخلہ نہیں دیا جائے گا اور جنہیں پہلے ہی داخلہ دیا جاچکا ہے انہیں مدرسہ کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔ دریں اثناء مدرسہ عزیزیہ کے سکریٹری ایس ایم اشرف نے بتایا کہ مخلوط تعلیم چونکہ اسلامی تعلیمات کے مغائر ہے لہذا لڑکیوں کے داخلہ پر امتناع کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ لڑکے اور لڑکیاں ایک ساتھ تعلیم حاصل نہیں کرسکتے اور لڑکیوں کیلئے کوئی مرد ٹیچر بھی نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کیلئے خاتون ٹیچرس کی تقرری کی جائے گی اور ان کیلئے علحدہ نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا ، جس کیلئے کچھ ماہ درکار ہوں گے ۔ یاد رہیکہ مدرسہ عزیزیہ صغریٰ وقف اسٹیٹ کمیٹی کی جانب سے چلایا جاتا ہے ۔