بہار کو خصوصی موقف دینے سے مرکزی حکومت کا انکار

نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے بہار کو مرکزی امداد میں اضافہ سے متعلق خصوصی موقف دینے سے انکار کردیا۔ تاہم کہا کہ اس ریاست کیلئے خصوصی پیکیج کی ایک تجویز زیرغور ہے۔ مملکتی وزیر منصوبہ بندی راؤ اندرجیت سنگھ نے آج لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ فی الحال کسی بھی ریاست کو خصوصی موقف دینے کی کوئی تجویز نہیں ہے البتہ خصوصی پیکیج کی ایک تجویز ہے‘‘۔ وہ بہار کے رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن کے ایک ضمنی سوال کا جواب دے رہے تھے۔ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار اپنی ریاست کو خصوصی موقف دینے کیلئے مرکز سے اصرار کررہے ہیں۔ ان کے مطالبہ کو آر جے ڈی، جے ڈی (یو)، بی جے پی اور اس کی حلیف ایل جے پی کی تائید بھی حاصل ہے۔