پٹنہ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں جے ڈی یو-آر جے ڈی-کانگریس کا عظیم سیکولر اتحاد ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ صدارتی انتخابات میں نتیش کمار کی طرف سے این ڈی اے امیدوار رام ناتھ کووند کو حمایت دینے کے بعد یہ خلیج بڑھنے لگی تھی۔ اس سلسلے میں جلد ہی اعلان ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نتیش کمار نے لالو یادو اور ان کے خاندان پر لگ رہے الزامات سے اپنی پارٹی کو دور رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نتیش کمار آر جے ڈی سربراہ کو اور وقت دینے کو تیار تھے لیکن لالو کے بی جے پی سے سمجھوتہ کی کوششوں کے چلتے ایسا نہیں ہو گا۔ لالو کی بی جے پی سے دوریاں کم کرنے کی کوششوں سے نتیش کمار کی حیثیت ڈانواڈول ہو سکتی تھی۔ 243 سیٹوں والی اسمبلی میں جے ڈی یو کے پاس 71 نشستیں اور آر جے ڈی کے پاس 80 سیٹیں ہیں۔ بی جے پی کے پاس 53 سیٹیں ہیں۔ نتیش کمار اور لالو یادو سال 2015 میں اسمبلی انتخابات کے دوران ایک ساتھ آئے تھے۔ دونوں نے بی جے پی کو شکست دینے کے لئے ہاتھ ملایا تھا۔ اس سے پہلے دونوں تقریبا 20 سال تک ایک دوسرے کے اپوزیشن میں تھے۔ مہا گٹھ بندھن میں ٹوٹ کی باتیں گزشتہ ہفتے جے ڈی یو کے این ڈی اے امیدوار رام ناتھ کووند کو حمایت پر بضد رہنے کے بعد تیز ہو گئی تھیں۔