چیف منسٹر نتیش کمار کا اعلان ۔ ایک اہم انتخابی وعدہ کی اندرون چند یوم تکمیل
پٹنہ 26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں یکم اپریل 2016 سے شراب پر امتناع عائد کردیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے آج یہ اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے اپنے ایک اہم انتخابی وعدہ کی اقتدار سنبھالنے کے چند دن کے اندر تکمیل کردی ہے ۔ انہوں نے یوم نشہ بندی کے سلسلہ میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شراب نوشی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے خاندان اور ان کے بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شراب نوشی میں اضافہ کی وجہ سے ہی گھریلو تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے اور خاص طور پر خواتین تشدد کا نشانہ بن رہی ہیں۔ شراب نوشی کی وجہ سے ہی جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شراب کے استعمال میں اضافہ کی وجہ سے سب سے زیادہ خواتین ہی متاثر ہو رہی ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نتیش کمار نے عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلی سطح کے اجلاس کے بعد ریاست میں شراب بندی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ماہ جولائی میں نتیش کمار نے اعلان کیا تھا کہ اسمبلی انتخابات میں اگر انہیں دوبارہ اقتدار ملتا ہے تو وہ ریاست میں شراب پر امتناع عائد کردینگے ۔ بہار کے وزیر اکسائز و نشہ بندی عبدالجلیل مستان نے قبل ازیں کہا تھا کہ ریاستی حکومت بہت جلد ریاست میں نشہ بندی کیلئے اقدامات کریگی ۔ بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے بھی کل ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ریاستی حکومت شراب پر امتناع عائد کرتی ہے تو ان کی پارٹی اس کی تائید کریگی ۔ حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کی معاشی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے ۔ اکسائز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 2007 میں شراب کی مارکٹنگ کے نئے لائسنس جاری کئے گئے تھے ۔ اس فیصلے کے بعد ریاست میں اکسائز محکمہ کی مالیہ وصولی میں زبردست اضافہ ہوا تھا اور یہ 319 کروڑ سے بڑھ کر 3,650 کروڑ روپئے تک پہونچ گیا تھا ۔