بہار میں گرج چمک کے ساتھ طوفان بادباراں

پٹنہ ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) زبردست زلزلہ کے صدمہ سے ابھی بہار ابھر بھی نہیں پایا تھا کہ ریاست پر گرج چمک کے ساتھ طوفان بادباراں کا حملہ ہوگیا جس کی وجہ سے راحت رسانی کے کام متاثر ہوئے۔ پٹنہ اور بہار کے دیگر علاقوں میں آج دوپہر تیز رفتار آندھی چلنے لگی اور اس کے بعد موصولہ دھار بارش کا آغاز ہوگیا۔ ناخوشگوار موسم کی وجہ سے چیف منسٹر نتیش کمار کا دورہ رکسول ملتوی کردیا گیا اور اب وہ ہند ۔ نیپال سرحد پر واقع اس علاقہ کو بذریعہ سڑک جائیں گے۔ قبل ازیں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ یہاں پہنچنے والے تھے اور رکسول میں قیام کرکے سرکاری عہدیداروں سے صورتحال کی تفصیلات جاننا چاہتے تھے۔ علاوہ ازیں رکسول میں راحت رسانی کاموں کا جائزہ بھی لینا چاہتے تھے۔ اس علاقہ میں پوکھرا اور نیپال کے دیگر کئی علاقوں سے کثیر تعداد میں پناہ گزین آئے ہوئے ہیں۔ ضلع روابط عامہ عہدیدار مشرقی چمپارن مدھو سدن پرساد نے کہا کہ ڈائرکٹر محکمہ موسمیات اے کے سین کے بموجب طوفان بادوباراں خلیج بنگال میں جھارکھنڈ کے قریب استوائی طوفان کا نتیجہ ہے۔ ریاستی حکومت نے گرج چمک کے ساتھ اوسط درجہ کی بارش کا انتباہ جاری کردیا تھا۔ بہار کے تمام اضلاع میں 30 اپریل تک کسی قسم کا طوفان بادوباراں متوقع ہے۔ دریں اثناء طاقتور آندھی اور موسلادھار بارش بہار کے بیشتر حصوں بشمول مشرقی چمپارن، سیتامڑھی، دربھنگہ اور دیگر مقامات پر دیکھی گئی۔