نواڈہ ۔ 15 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ میں نکسلائٹس حملوں اور بہار پولیس کی خصوصی ٹاسک فورس کی جانب سے ریاست کے مختلف اضلاع سے جدید اسلحہ و گولہ بارود کی ضبطی کے بعد بہار میں بھی سخت چوکسی ( ہائی الرٹ ) اختیار کرلی گئی ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس ( آپریشن ) مسٹر ششی ایم کھوپڈے نے بتایا کہ چھتیس گڑھ میں ماویسٹوں کے حملوں میں 13 جوانوں کی ہلاکت کے بعد بہار میں بھی ہائی الرٹ کردیا ہے ۔ کیوں کہ نکسلائٹس حملوں کی کامیابی سے سیکوریٹی فورسیس کے حوصلے پست ہوسکتے ہیں ۔ جب کہ ضلع نواڈہ کے کوکل میں ماویسٹوں کے ایک خفیہ پناہ گاہ سے انساس رائفل ، ایک کاربائین ، 2 گرینڈ ، 6 میگزین ، 140 گولیاں ، واکی ٹاکی اور پولیس یونیفارم ضبط کرلینے کے بعد ریاست بھر میں سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پٹنہ اور جموئی سے ایس ٹی ایف کی 2 ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں ۔ اور اس سلسلہ میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور پوچھ تاچھ میں یہ پتہ چلانے کی کوشش جارہی ہے کہ ان کا تعلق ماویسٹوں سے ہے یا نہیں ؟ قبل ازیں ایس ٹی ایف نے مونگیر میں 600 میٹر علاقہ پر پھیلے ہوئے 60 سرنگیں برآمد کرلیں جو کہ اس علاقہ میں گشت کرنے والی پولیس پارٹی کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کی گئی تھیں جب کہ ضلع ویشالی میں ایک ماویسٹ کو 4 پستول اور ایک رائفل کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا ۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ چونکہ اس علاقہ پولیس پارٹی پیدل گشت پر تھی جس کے باعث یہ سرنگ دھماکے نہیں ہوسکے ۔ اگر گاڑی میں سفر کرتے تو ایک خوفناک حادثہ پیش آسکتاتھا ۔