آرا 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے بھوجپور ضلع نظم و نسق نے موضع رانی ساگر میں ایک غیر قانونی مسلخ چلانے کی پاداش میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ مسلخ مہربند کردیا گیا ہے۔ 45 سالہ شرف الدین، عظیم اللہ خان (44) اور غلام خان (50) کو کل شب ضلع کے شاہ پور پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے گاؤں سے حراست میں لیا گیا۔ تمام تینوں ضلع روہتاس کے متوطن ہیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ غیرقانونی مسلخ کل گوشت سے بھرے ٹرک کی ضبطی کے بعد مہربند کردیا گیا۔ اس ٹرک کے ذریعہ غیرقانونی مسلخ سے مظفرپور کو بکرے کا گوشت لیجایا جارہا تھا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سنجیو کمار نے کہاکہ ہم نے رانی ساگر موضع کے غیرقانونی مسلخ کو جو برسوں سے کام کررہا تھا، آخرکار بند کردیا ہے۔ اِس کارروائی میں تین افراد کو متعلقہ قانون کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ تین دیگر مفرور ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مسلخ کے مفرور آپریٹرس کو پکڑنے کے لئے دھاوے کئے جارہے ہیں۔ اِس ضمن میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیا شنکر کی قیادت میں پولیس جتھے کو اِس موضع میں متعین کردیا گیا ہے تاکہ وہاں جاری کشیدگی کو آس پاس کے علاقوں تک پھیلنے سے روکا جاسکے۔