l پانچ لاکھ روپئے کی ابتدائی امداد روانہ کرنے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کا اعلان
l سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کرنے جناب زاہد علی خاں و جناب افتخار حسین کی اپیل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بہار میں سیلاب کی تباہکاریوں کا سلسلہ جاری ہے تاحال مہلوکین کی تعداد 514 ہوگئی ہے ۔ غیر سرکاری اطلاعات میں مہلوکین کی تعداد 4000 بتائی گئی ہے ۔ ریاست کے 19 اضلاع میں تقریبا دو کروڑ لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں ۔ بیشتر مقامات ایک طرح سے پانی میں ڈوب گئے ہیں ۔ بعض علاقوں میں نعشیں تیرتی دکھائی دے رہی ہیں ۔ جب کہ سڑکوں پر بھی نعشیں دیکھی گئی ہیں ۔ واضح رہے کہ ریاست بہار کا شمار ملک کی سرفہرست پسماندہ ریاستوں میں ہوتا ہے جب بھی سیلاب آتا ہے سیمانچل علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے ۔ یہاں موصولہ اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب نے بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کے ہر طبقہ کو متاثر کیا ہے ۔ ان کی زندگیاں تباہ و برباد کردی ہیں ۔ بہار میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے ابتدائی امداد کے طور پر 5 لاکھ روپئے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے مطابق ماضی میں بھی بہار کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے راحت و امداد کی سرگرمیاں انجام دی گئیں اور خاص طور پر انتہائی پسماندہ علاقوں میں باز آباد کاری کے طور پر خواتین کو پیشہ وارانہ کورس کی تربیت بھی فراہم کی گئی ۔ دفتر سیاست کو موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا کہ ضلع اراریہ میں 95 ، سیتامڑھی میں 47 ، پورنیا میں 44 ، مغربی چمپارن میں 42 ، کاٹہیار میں 40 ، دربھنگہ میں 37 ، مشرقی چمپارن میں 32، مادھے پور میں 29 ، مدھو بانی میں 28 ، کشن گنج میں 24 ، مظفر پور میں 21 ، گوپال گنج میں 20 ، سوپال میں 16، سرن میں 13 ، کھکاریہ میں 10 ، سہرسہ میں 8 ، شپوہر میں 6 اور سمتی پور میں 2 ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ کشن گنج کے علاقوں میں لوگوں کے لیے کھانے پینے کی اشیاء ادویات بلانکٹس اور ملبوسات وغیرہ کی سخت ضرورت ہے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے قارئین سیاست سے درخواست کی ہے کہ وہ بہار سیلاب کے متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں ۔