چھپرا ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے ضلع سارن میں چھپرا کے قریب راجدھانی ایکسپریس کے 12 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ اس حادثہ میں 4 مسافرین ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے جن میں 13 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ اس حادثے کیلئے ماؤنوازوں کو موردِ الزام ٹھہرانا جلدبازی ہے۔ ضلع مشرقی چمپارن میں ایک دھماکے کی وجہ سے ایک مال گاڑی کے 18 ویگنس بھی پٹری سے اترے جس میں ماؤسٹوں کے رول کو ایس پی ونئے کمار نے مسترد نہیں کیا ہے۔
ایسٹ سنٹرل ریلوے (ای سی آر) کے چیف پبلک ریلیشنس آفیسر اروند کمار راجک نے کہا کہ راجدھانی کے واقعہ میں جہاں تین مسافرین ہلاک ہوئے وہیں ایک اسپتال میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ دہلی۔ دبروگڑھ راجدھانی کے سات کوچیس B-5 تا B-10 اور پاور کار پٹنہ سے تقریباً 75 کیلومیٹر دوری پر واقع گولڈن گنج اسٹیشن میں پٹری سے اتر گئے، جبکہ پانچ کوچیس B-1 تا B-4 اور پیانٹری کار رات دیر گئے لگ بھگ 2:11 بجے الٹ گئے۔ راجک نے کہا کہ بعض کوچیس پٹری سے 700 فیٹ تک کی دوری پر جاگرے۔ زخمیوں میں سے 14 کو جن میں سے 13 شدید زخمی ہیں، پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل لیجایا گیاوزیر ریلوے سدانند گوڑا نے کہا، ’’جہاں تک راجدھانی کے پٹری سے اترنے کا معاملہ ہے، تحقیقات ہورہی ہیں‘‘۔ تاہم محکمہ ریلوے کو اس واقعہ کے پس پردہ ماؤنوازوں کی جانب سے سبوتاج کا شبہ ہے۔ وزیر ریلوے نے ہر مہلوک کی فیملی کیلئے 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا، شدید زخمی مسافرین کیلئے ایک لاکھ روپئے اور معمولی زخمی ہونے والوں کیلئے 20,000 روپئے کا اعلان کیا۔
انھوں نے ریلوے نظم و نسق کو ہدایت دی کہ زخمی مسافرین کو بہترین ممکنہ علاج فراہم کیا جائے۔ وزیر ریلوے گوڑا اور مملکتی وزیر برائے ریلوے منوج سنہا ریلوے بورڈ ممبر ٹریفک ڈی پی پانڈے اور ممبر میکانیکل الوک جوہری کے ہمراہ فوری مقام واقعہ کو پہنچ رہے ہیں۔ دریں اثناء چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی نے اختلاف کیا کہ یہ حادثہ ماؤسٹوں کے سبب ہوا ہے۔ انھوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’بادی النظر میں راجدھانی کا چھپرا میں پٹری سے اترجانا ماؤنوازوں کی کارستانی معلوم نہیں ہوتی ہے۔ ریلوے ٹریک پر دھماکہ کا کوئی سراغ یا کوئی دیگر ثبوت ابھی تک نہیں ملا جس سے سبوتاج کا شبہ ہو۔ یہ ریلوے کی طرف سے لغزش کا نتیجہ ظاہر ہوتا ہے‘‘۔چیف منسٹر نے کہا کہ انھوں نے وزیر ریلوے سے بات کی اور مہلوکین کے خاندانوں کیلئے فی کس 2 لاکھ روپئے کی ایکس گریشیا کے اعلان پر ان کی توجہ مبذول کرائی جبکہ اس طرح کے معاملوں میں 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی عام روایت ہے۔ اس دوران وزیرریلوے سدانند گوڑا اور مملکتی وزیر ریلوے منوج سنہا کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا۔