بہار میں آتشزدگی،’دن میں کھانا پکانے پر پابندی‘

پٹنہ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ریاست بہار میں حکام نے دیہاتیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم گرما کے دوران صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھانے پکانے سے گریز کریں۔آفات سے نمٹنے کے ادارے کی جانب سے یہ ہدایت آتشزدگی کے متعدد واقعات کے بعد ریاست کے وزیراعلیٰ کے حکم پر دی گئی۔اس کے علاوہ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خشک فصلوں کو مذہبی رسومات کے لیے جلانے سے بھی اجتناب کریں۔بہار میں صرف گزشتہ ماہ آگ لگنے کے واقعات کے نتیجے میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔آفات سے نمٹنے کے ادارے کے اہلکار ویاس نے بی بی سی کو بتایا’آگ لگنے کے واقعات کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا کہ زیادہ تر واقعات چولہے کی آگ سے نکلنے والی چنگاری سے پیش آئے ہیں۔اس لیے مشورہ دیا گیا کہ دیہات میں چولہے کی آگ سے کھانا بنانے والے صبح 9 بجے سے پہلے کھانا بنا کر آگ بجھا دیں۔‘تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ مذہبی رسومات کے لیے خشک فصلوں کو جلانے کی وجہ سے بھی آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔بہار کے اورنگ آباد ضلع میں ایک مذہبی تہوار کے موقعے پر آتشزدگی کے ایک واقعہ میں کم سے کم 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہدایت کی خلاف ورزی کرنے پر آگ لگنے کے کسی واقعے کی تحقیقات میں ذمہ دار کو محکمے کے قوانین کے تحت جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے تاہم نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حکام نے واضح نہیں کیا کہ ایک غریب دیہاتی اگر آگ میں سب کچھ کھو دیتا ہے تو اس سے جرمانہ کیسے لیا جائے گا۔خیال رہے کہ بھارت میں بہار سمیت دیگر کئی علاقوں میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور اس کے نتیجے میں آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
بی جے پی رکن سائیکل پر پارلیمنٹ پہنچے
نئی دہلی ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے دہلی میں نافذ جفت ۔ طاق اسکیم کی تائید کرتے ہوئے سائیکل چلاتے ہوئے پارلیمنٹ پہنچے اور کہا کہ ہر کسی کو یہ طریقہ کار اختیار کرنا چاہئے کیونکہ یہ ماحولیات دوست اور سفر کا صحتمند طریقہ ہے۔ شمال مشرقی دہلی کے رکن پارلیمنٹ نے حکومت دہلی سے خواہش کی کہ شہر کے عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو مزید مستحکم بنایا جائے اور جفت طاق اسکیم سے عوام کو مشکلات پیش نہ آئی۔ تیواری نے پارلیمنٹ کے باہر کہا کہ ’’میرے پاس جفت نمبر کی کار ہے چنانچہ میں سکل پر پارلیمنٹ پہنچا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’سیکل چلانے میں کوئی تکلیف نہیں ہے۔ اس شہر میں میں سیکل کو ٹرانسپورٹ ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کی تائید کرتا ہوں‘‘۔