پٹنہ 9 جون ( سیات ڈاٹ کام ) جنتادل یو کی جانب سے نتیش کمار کو بہاراسمبلی انتخابات میں چیف منسٹرکے عہدہ کا امیدواربنائے جانے کے بعد سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے آج کہا کہ بی جے پی کی جانب سے این ڈ ی اے کی قیادت پر مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائیگا ۔ سشیل کمار مودی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مرکزی قائدین کی جانب سے ریاست کے حالات پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ مرکزی قائدین ریاست میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کی قیادت کے تعلق سے مناسب وقت پر کوئی فیصلہ کرینگے ۔ بہار میں جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ریاست میںچیف منسٹر کے امیدوارکے تعلق سے فیصلہ کرنا بی جے پی کے قومی قائدین اور اس کے پارلیمانی بورڈ کا کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تو یہ فیصلہ کیا جائیگا کہ کسی انفرادی قیادت کا اعلان کیا جائے یا پھر اجتماعی قیادت میں انتخابات لڑے جائیں ۔راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے بی جے پی کو چیلنج کیا تھا کہ وہ اپنے چیف منسٹر امیدوار کا اعلان کریںجبکہ خود انہوں نے نتیش کمار کو چیف منسٹر کے امیدوارکی حیثیت سے قبول کرلیا تھا ۔ سشیل کمار مودی نے ریاست میں بی جے پی اور حلیف جماعتوں کے مابین نشستوں کی تقسیم کے تعلق سے بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ۔