نئی دہلی/کٹیہار31اگست (سیاست ڈاٹ کام ) العائشہ فاؤنڈیشن کی طرف سے بہارکے ضلع کٹیہار کے اعظم نگر بلاک میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے ہاتھوں سیلاب متاثرین کے درمیان راحتی اشیا تقسیم کی گئی ہے ۔ العائشہ فاؤنڈیشن کے چیرمین اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن ساجد ملک نے بتایا کہ بہار میں تباہ کن سیلاب سے وہاں کے عوام بہت پریشان ہیں اور تمام لوگوں کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے کیوں کہ اس وقت وہاں کی صورت حال بہت دردناک ہے اور بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں اب تک مدد نہیں پہنچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ العائشہ فاؤنڈیشن کی طرف سے یہ چھوٹی سی کوشش تھی مستقبل میں بھی یہ کوشش جاری رہے گی اور فاؤنڈیشن یہ کام کرتارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہاں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا اتلاف ہوا ہے اور اس سیلاب نے لوگوں کے کھیت کھلیان کو تباہ کردیا ہے بلکہ گھروں میں رکھے اناج کو بھی کسی لائق نہیں رکھا ہے ۔ انہوں نے تمام لوگوں سے گزارش کی ہے وہ تمام چیزوں سے اوپر اٹھ کر انسانی مدد کے لئے آگے آئیں کیوں کہ سیلاب کا پانی اترنے کے بعد وہاں متعدد بیماریاں پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔اس فاؤنڈیشن کی سرپرست، آل انڈیا مہیلا کانگریس کی جنرل سکریٹری اور مشہور اداکارہ نغمہ نے کہا کہ قدرتی آفات سے پریشان بہار اور خاص طور پر سیمانچل کے لوگوں کی مدد کرنا سب سے بڑی انسانیت ہے ۔ مصیبت کی اس گھڑی مدد کرکے ان لوگوں کی زندگی کو پٹری پر لایاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے بہار کے ساتھ صرف پانچ سو کروڑ کا امداد اعلان کرکے مذاق کیا ہے جب کہ 18اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں اور کانگریس کی قیادت والی سابقہ یوپی اے حکومت نے بہار کے چار اضلاع میں سیلاب آنے سے 1100کروڑ روپے کی مدد دی تھی۔