بہار بند : کئی حصوں میں ریل، روڈ ٹریفک درہم برہم

پٹنہ 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے کئی اضلاع میں آج ریل اور روڈ ٹریفک درہم برہم ہوئی کیوں کہ بائیں بازو کی تنظیموں نے دن بھر کے بند کی اپیل کی ہے تاکہ مظفر پور شیلٹر ہوم سیکس اسکینڈل کے خلاف احتجاج درج کرایا جاسکے۔ نیز ریاست میں دلتوں کے خلاف مبینہ مظالم کا مسئلہ بھی اُٹھایا جاسکے۔ ریاستی دارالحکومت میں احتجاجیوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ اُنھوں نے بعض علاقوں میں دوکانات کو بند کرنے پر مجبور کیا جبکہ کئی سرکاری اسکولوں نے پہلے ہی تعطیل کا اعلان کردیا تھا تاکہ اپنے اسٹوڈنٹس اور ٹیچرس کو کوئی بھی ممکنہ زحمت سے بچایا جاسکے۔ تاہم بینکوں اور سرکاری دفاتر میں بظاہر معمول کی حاضری نظر آئی۔

مراٹھا کوٹہ احتجاج میں تشدد پر 15افراد گرفتار
پونے 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) 15 افراد کو آج اُس تشدد کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا جو اِس ہفتے کے اوائل مراٹھا کوٹہ ایجی ٹیشن کے دوران پونے کے قریب علاقہ چاکن میں پیش آیا تھا۔ 30 جولائی کو یہاں سے 40 کیلو میٹر دور علاقہ میں احتجاج کے دوران پتھراؤ میں 4 پولیس ملازمین زخمی ہوئے تھے۔ پرتشدد ہجوم نے تقریباً 60 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جن میں سرکاری اور بلدیہ کے زیرانتظام چلنے والی بسیں اور پولیس جیپ گاڑیاں شامل ہیں۔ بعض گاڑیوں کو آگ لگادی گئی تھی۔ چاکن پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہاکہ زیادہ تر ملزمین کا تعلق پڑوسی علاقوں سے ہے اور اُن کی شناخت سی سی ٹی وی اور دیگر ویڈیو فٹیج کے ذریعہ ہوئی ہے۔