پٹنہ ۔25فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار مقننہ کے دونوں ایوان کا بجٹ اجلاس جو کل سے شروع ہونے والا ہے امکان ہے کہ طوفانی ثابت ہوگا کیونکہ چند حلقوں میں عنقریب ضمنی انتخابات مقرر ہے ۔ برسراقتدار این ڈی اے اور اپوزیشن آر جے ڈی ۔ کانگریس اتحاد راجیہ سبھا کے انتخابات کے تسلسل میں ضمنی انتخابات میں مقابلہ کرے گا ‘ جو آئندہ ماہ مقرر ہے ۔ راجیہ سبھا کے انتخابات دو سال میں ایک بار ہوتے ہیں ۔ بجٹ اجلاس کا آغاز گورنر کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے ذریعہ ہوگا ۔ ضمنی مطالبات زر برائے 2017-18ء اگلے دن پیش کئے جائیں گے ۔ بجٹ اجلاس کے جملہ 24 کارکردگی کے دن ہوں گے ۔ جن کے دوران آر جے ڈی ۔ کانگریس اتحاد امکان ہے کہ برسراقتدار این ڈی اے کو سری جن اسکام کے بارے میں کارروائی ‘ بیت الخلاؤں کی تعمیر ‘ ناقص نظم و ضبط کی صورتحال اور شراب بندی کے نفاذ میں بالاتری کے موضوعات پر برسراقتدار این ڈی اے کو پریشان کرنے کی کوشش کرے گا ۔ ضمنی انتخابات اور راجیہ سبھا کے انتخابات کے پیش نظر دونوں اتحادی گروپس امکان ہے کہ سی بی آئی اور ای ڈی تفتیش کے سلسلہ میں ایک دوسرے کو پریشان کرنے کی کوشش کریں گے ۔ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد اور ان کے ارکان خاندان پر کرپشن کے الزامات عائد کئے جائیں گے ۔