بہار اسمبلی انتخابات کیلئے حکمران جنتا دل متحدہ کی عوام سے رابطہ مہم

پٹنہ۔/2جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج مجوزہ اسمبلی انتخابات کیلئے گھر گھر دستک پروگرام کے ذریعہ جنتا دل متحدہ کی مہم کا آغاز کردیا تاکہ ریاستی حکومت کی کارکردگی اور کامیابیوں پر عوامی رائے معلوم کی جاسکے۔ اس موقع پر علاقہ مغربی دروازہ میں 10مکانات پر دستک دیتے ہوئے مکینوں سے ملاقات کی۔ یہ علاقہ حلقہ اسمبلی پٹنہ صاحب میں آتا ہے جہاں سے بی جے پی لیڈر نند کشوریادو نمائندگی کرتے ہیں جبکہ عوام سے رابطہ پروگرام کا افتتاح ریاستی صدر جنتا دل متحدہ مسٹر بسیتا نارائن سنگھ نے دارالحکومت میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر کیا۔ اس تقریب میں پارٹی ارکان پارلیمنٹ پون ورما اور سی پی سنگھ اور ہرہنس بھی شریک تھے۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے بڑی پتن دیوی مندر میں خصوصی پوجا کے بعد پہلی دستک مغربی دروازہ کے قریب کرشنا ساہو کے مکان پر دی۔ مکینوں نے ان کی دہلیز پر چیف منسٹر کو دیکھ کر حیرت زدہ ہوگئے،

انہوں نے ارکان خاندان سے بات چیت کرتے ہوئے دریافت کیا کہ آیا وہ گذشتہ 10سال کے دوران ان کی حکومت کے کام سے مطمئن ہیں، اور یہ رائے طلب کی کہ مستقبل میں حکومت کو کیا کام کرنا چاہیئے۔ کرشنا ساہو کے بعد چیف منسٹر نے باری باری سے 9مکانات پر دستک دی اور ارکان خاندان ( مکینوں ) سے بات چیت کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار نے کہا کہ وہ جنتا دل متحدہ کے ایک مخلص سپاہی ہیں اور پارٹی کے ریاستی صدر کی جانب سے گھر گھر دستک پروگرام شروع کئے جانے کے بعد وہ بھی اس مہم میں شامل ہوگئے ہیں۔اس پروگرام کے تحت ایک کروڑ مکانات تک پہنچ کر عوام سے ملاقات کی جائے گی۔ جنتادل متحدہ کے ریاستی ترجمان اور ایم ایل سی سنجے سنگھ نے بتایا کہ ’’گھر گھر دستک ‘‘ پروگرام دو مرحلوں میں 2تا11جولائی اور 21تا 31جولائی چلایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ 10ہزار پارٹی ارکان گھرگھر جاکر عوام سے راست ملاقات کرکے ریاستی حکومت کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ریاستی وزیر اغذیہ مسٹر شیام رجک نے بتایا کہ انہوں نے اپنے حلقہ پھلواری شریف میں 10مکانات پر دستک دیتے ہوئے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔