بہار بجٹ میں اضافہ کا تذکرہ ‘ مرکز کی امداد کے بغیر صورتحال ابتر ہونے کا اندیشہ
پٹنہ ۔6اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج مرکز پر زوردیا کہ وہ عدلیہ کو ریاست میں مستحکم کرنے کیلئے فراخدلی سے ریاست کیلئے مالیہ مختص کرے تاکہ مقدمہ بازوں کو عاجلانہ بنیادوں پر انصاف فراہم کیا جاسکے ۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہاکہ ہم (بی جے پی اور جے ڈی یو ) یہاں ایک ساتھ آئے ہیں ‘ اس سے اس بات کی بھی عکاسی ہوتی ہے کہ 38اضلاع اور 101 سب ڈیویژنوں کے ساتھ بہار جیسی بڑی ریاست کیلئے مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد فراخ دلی سے ریاست کی مالی امداد کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی فراخدل مالی امداد کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس سے ریاست میں نظام انصاف مستحکم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کا بجٹ جو 2005-06ء میں تقریباً 25تا 26ہزار کروڑ روپئے تھااب اس میں 1.40لاکھ کروڑ روپئے کا اضافہ ہوچکا ہے ۔ اگر آپ ( مرکز) چاہتا ہے کہ ریاست کا نظام انصاف مستحکم ہو تو مرکز کو چاہیئے کہ فراخدلی کے ساتھ ریاست کی مالی امداد کرے ۔ کیونکہ مالی امداد ہی ریاست میں نظام انصاف مستحکم کرسکتی اور مقدمہ بازوں کو عاجلانہ بنیادوں پر انصاف فراہم کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پہلے ہی پٹنہ ہائیکورٹ کے توسیعی پراجکٹ کیلئے 169 کروڑ روپئے مختص کرچکی ہے ۔ چیف منسٹر ’’ ٹیلی لاء : اصل دھارے کی قانونی امداد بذریعہ عام خدمت مرکز اسکیم کے ذریعہ ‘‘ کے موضوع پر خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے بموجب جس کا آج ریاست کی جانب سے آغاز کیا جارہا ہے ایک عام دیہاتی آدمی کو بھی قانونی امداد کی خدمات تک رسائی حاصل ہوگی اور نیم قانونی رضاکار عام خدمت مرکز پر دیہی عوام کی مدد کریں گے ۔ یہ مراکز کمپیوٹرس اور انٹرنیٹ سہولتوں سے آراستہ ہوں گے ۔