بہار، یوپی سیلاب سے لاکھوں متاثر، 22 اموات

نئی دہلی ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں کم از کم 22 افراد سیلاب میں فوت ہوچکے اور لاکھوں متاثر ہوئے جبکہ اترپردیش میں بڑی دریائیں بشمول گنگا ابل رہی ہے۔ بہار میں مختلف دریاؤں جیسے گنگا، سونی، پونپون، بورہی گندک، گھاگرا اور کوسی میں سیلاب کے سبب ریاست کے مختلف مقامات پر 23.71 ہلاک متاثر ہوئے ہیں اور 22 اموات ہوچکی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے کئی مقامات بشمول پٹنہ، گیا اور بھاگلپور میں گرج، چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ دہلی میں درجہ حرارت سال کے اس وقت کیلئے معمول کی سطح پر آ گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.7 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ اقل ترین درجہ حرارت 27 ڈگری درج ہوا ہے۔ رطوبت کی سطح 81 اور 64 فیصد کے درمیان تبدیل ہورہی ہے۔ یوپی میں گنگا، الہ آباد، مرزا پور، وارانسی، غازی پور، بلیا میں خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جبکہ یمنا، شاردا اور کین دریائیں بھی مختلف مقامات پر خطرہ کے نشان سے اوپر دیکھی گئی ہیں۔ اس طرح ریاست کے مشرقی حصہ میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ بلیا میں گنگا کی سطح 60.30 میٹر کی خطرناک سطح پر آچکی ہے جو خطرہ کے نشان سے تقریباً 3 میٹر زیادہ ہے۔ مشرقی یوپی کے مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوئی ہے جہاں سینکڑوں گاؤں سیلاب سے متاثر بتائے جاتے ہیں۔