من کی بات پروگرام سے وزیراعظم کا خطاب ، سوشیل میڈیا کے استعمال پر زور
نئی دہلی ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب مہاتما گاندھی کے یوم وفات کے دن ملک میں یوم شہیداں منایا جارہا ہے وزیراعظم نریندر مودی نے آج نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ یہاں سپاہیوں کے واقعات کو عام کرنے کیلئے سوشیل میڈیا کا استعمال کریں ۔ جس سے عوام ان بہادر سپاہیوں پر فخر کریں گے جنہیں حال ہی ان کی شجاعت اور بہادری پر اعزازات دیئے گئے ہیں ۔ وزیراعظم مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’ من کی بات ‘ میں ان سپاہیوں کو خراج عقیدت ادا کیا جو کشمیر میں برفانی تودے گرنے کے سبب ایسے وقت فوت ہوئے تھے جب سارا ملک جشن جمہوریہ تقاریب منارہا تھا ۔ مودی نے کہا کہ ’’/30 جنوری کو ہمارے بزرگ و محترم باپو کے ‘‘ یوم وفات کے موقع پر 11 بجے دن دو منٹ کی خاموشی مناتے ہوئے شہیدان وطن کو خراج عقیدت ادا کیا جاتا ہے ۔ /30 جنوری کو دو منٹ کی خاموشی ہمارے ملک اور سماج کا ایک عمل بنایا جانا چاہئیے ۔ میں بالخصوص نوجوان پر زور دیتا ہوں کیونکہ آپ سوشیل میڈیا پر بہت زیادہ سرگرم ہیں ‘‘ ۔ مودی نے مختلف زمروں کے تحت ایوارڈ حاصل کرنے والے سپاہیوں اور ان کے ارکان خاندان کو مبارکباد دیتے ہوئے نوجوانوں سے مزید کہا کہ ’’براہ مہربانی آپ ان سپاہیوں کے بارے میں انٹرنیٹ پر لکھیں جنہیں اس سال کے شجاعت ایوارڈس دیئے گئے ہیں ۔ ان کے بارے میں لکھیں اور واقعات کو اپنے دوستوں تک پہونچائیں ۔ جب ہمیں ان (سپاہیوں) کی بہادری کا پتہ چلے گا ۔ ہمیں نہ صرف حیرت ہوگی بلکہ فخر ہوگا اور ایک ترغیب ملے گی ‘‘ ۔