بھیروں سنگھ شیخاوت کی چوتھی برسی، گلہائے عقیدت

جے پور ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ودھان سبھا میں سابق نائب صدر جمہوریہ آنجہانی بھیروں سنگھ شیخاوت کی چوتھی برسی کے موقع پر انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ راجستھان اسمبلی اسپیکر کیلاش میگھوال، سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوٹ، راجیہ سبھا ایم پیز اشک علی ٹاک، نریندر بوڈانیا اور ایم ایل اے نرپت سنگھ جو شیخاوت کے داماد ہیں، نے شیخاوت کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر شیخاوت کے پوترے وکرمادتیہ، ابھیمینو اور مومال بھی موجود تھے۔ 23 اکٹوبر 1923ء میں راجستھان کے سیکر میں پیدا ہوئے شیخاوت تین بار راجستھان کے وزیراعلیٰ رہے اور 19 اگست 2002ء تا 21 جولائی 2007ء ملک کے نائب صدرجمہوریہ کے جلیل القدر عہدہ پر فائز رہے۔

آئی پی ایس آفیسر کی رہائش گاہ پر لوک آیوکت کے دھاوے
بھوپال ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش لوک آیوکت نے انسپکٹر جنرل آف پولیس مائیک جین کی رہائش گاہ پر تلاشیاں لیں جس کے بعد کچھ ایسے کاغذات دستیاب ہوئے جن میں اثاثہ جات کی تفصیلات درج تھیں جیسے 50 ایکڑ اراضی، 2 نرسنگ ہومس اور 8 مکانات جو ریوا، اندور اور بھوپال میں واقع ہیں۔ جین کے خلاف غیرمحسوبہ اثاثہ جات کا مالک ہونے کے خلاف ایک شکایت درج کروائی گئی تھی، جس پر لوک آیوکت نے یہ کارروائی کی۔ دریں اثناء ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ انسداد بدعنوانی ٹیم (لوک آیوکت) ایس ایس ادوات نے بتایا کہ تحقیقات ہنوز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھاوے کے دوران بینک اکاونٹس سے متعلق کچھ دستاویز بھی ملی ہیں جن کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ انسداد بدعنوانی عہدیدار گذشتہ کچھ عرصہ سے غیرمحسوبہ دولت جمع کرنے والے عہدیداروں کی رہائش گاہوں پر دھاوے کررہے ہیں۔