بھگدڑ : خامیوں کے ذمہ داروں کو سزا دی جائیگی : حکومت

پٹنہ 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت بہار نے آج کہا کہ سرکاری سطح پر خامیوں کے ذمہ دار افراد کو سزائیں دی جائیں گی جس کے نتیجہ میں 3 اکٹوبر کو یہاں بھگدڑ ہوگئی تھی جس میں 33 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے تھے ۔ حکومت نے اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور معتمد داخلہ امیر سبحانی تحقیقات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس ہیڈکوارٹرس گپتیشور پانڈے بھی اس کا حصہ ہیں۔ ریاستی وزیر برائے آبی وسائل مسٹر وجئے چودھری نے بتایا کہ ریاستی حکومت خامیوں کیلئے ذمہ دار کسی بھی فرد کو بخشے گی نہیں۔ ان خامیوں کے نتیجہ میں گاندھی میدان کے باہر بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم مشترکہ طور پر عوامی انکوائری بھی کریگی ۔ یہ انکوائری 7 اکٹوبر کو ضلع کلکٹریٹ پر منعقد ہوگی اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں آگے آئیں اور اس واقعہ کے تعلق سے حکام کو اطلاعات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا پٹنہ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں بہترین علاج کیا جارہا ہے ۔

بھگدڑ کا شاخسانہ : بہار میں چار اعلی عہدیداروں کے تبادلے
پٹنہ 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دسہرہ کی تقریب کے دوران بھگدڑ میں 33 افراد کی ہلاکت کے دو دن بعد حکومت بہار نے آج چار اعلی عہدیداروں کا تبادلہ کردیا ہے ۔ ان تبادلوں پر 7 اکٹوبر سے عمل آوری ہوگی ۔ جن عہدیداروں کا تبادلہ کیا گیا ہے ان میں پٹنہ کے ڈویژنل کمشنر این وجئے لکشمی ‘ ڈی آئی جی پٹنہ رینج اجیتابھ کمار ‘ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مانو مہاراج شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں ایک سرکاری اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ وجئے لکشمی کی بجائے تیرہوٹ ڈویژنل کمشنر نرمدایشور لال کو نیا ڈویژنل کمشنر بنایا گیا ہے ۔ وجئے لکشمی کو جے اے ڈی سے رجوع ہونے کو کہا گیا ہے پٹنہ ضلع مجسٹریٹ کو بھی تبادلہ کے بعد کوئی عہدہ نہیں دیا گیا ہے ۔ چمپارن ضلع مجسٹریٹ ابھئے کمار سنگھ کو پٹنہ میں متعین کیا گیا ہے ۔ پٹنہ ایس ایس پی کی بجائے مظفر پور کے ایس ایس پی جتیندر رانا کو یہ عہدہ دیا گیا ہے پٹنہ رینج کے ڈی آئی جی اجیتابھ کمار کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے اور ایس پی ریلوے ( پٹنہ ) اوپیندر کمار سنہا کو یہ عہدہ دیا گیا ہے ۔