بھوپتی ریڈی ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین

تقریب جائزہ میں ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن صدرنشین کی حیثیت سے پی بھوپتی ریڈی نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی ، ای راجندر ، چندو لال ، رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی ، ارکان مقننہ پی رویندر ریڈی ، ستیش اور دیگر قائدین موجود تھے جنہوں نے بھوپتی ریڈی کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس ای راجندر نے کہا کہ حکومت اور پارٹی کے بااعتماد اور بھروسہ مند قائدین کو ایک نہ ایک دن مناسب مقام حاصل ہوتا ہے۔ اس کی تازہ مثال بھوپتی ریڈی ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن پر انہیں فائز کرتے ہوئے ریاست میں سیاحت کے فروغ کے اقدامات کا موقع فراہم کیا ہے۔ چیف منسٹر ریاست میں سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں موجود دیگر قائدین کو بھی چیف منسٹر موقع فراہم کریں گے۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ بھوپتی ریڈی کو تاخیر سے سہی لیکن اہم ذمہ داری حاصل ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں کئی سیاحتی مقامات ہیں جنہیں مزید ترقی دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر سیاحت چندو لال کے ساتھ مل کر بھوپتی ریڈی ریاست میں سیاحت کے فروغ میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ ترقی اور فلاح و بہبود میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک میں نمبر ون چیف منسٹر ہیں۔ غریبوں کی بھلائی کیلئے کئی مثالی قدم اٹھائے ۔ کسانوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی ، بیمہ اسکیم ، فصلوں پر امداد ، شادی مبارکبا کلیان لکشمی اور اسکیمات کا آ غاز کیا گیا۔ تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور آئندہ مزید 15 برسوں تک ٹی آر ایس حکومت برقرار رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اسمبلی اور لوک سبھا کے وسط مدتی انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ رکن راجیہ سبھا کیپٹن لکشمی کانت راؤ نے کہا کہ محکمہ سیاحت کے ذریعہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین کو چیف منسٹر اہم عہدوں پر فائز کر رہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی نے امید ظاہر کی کہ بھوپتی ریڈی محکمہ سیاحت کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ارکان مقننہ رویندر ریڈی ، ستیش ، پرشانت ریڈی اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ صدرنشین کارپوریشن بھوپتی ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا او رکہا کہ ان پر جو ذمہ داری عائد کی گئی ہے ، اسے بحسن خوبی انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2001 ء سے وہ کے سی آر سے قریب ہیں اور تلنگانہ تحریک کے آغاز کے فیصلہ میں بھی وہ شامل رہے۔ گزشتہ 60 برسوں میں تلنگانہ میں جو کچھ نہیں کیا گیا ، کے سی آر نے صرف چار برسوں میں کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے علاوہ وہ محکمہ سیاحت میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔