بھوپال 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تبلیغی جماعت کا سالانہ عالمی اجتماع آج بعد نماز فجر شروع ہوگیا۔ شرکاء کو ہدایت دی گئی ہے کہ اجتماع گاہ میں پلاسٹک بیاگس اور تمباکو کا استعمال نہ کریں۔ عظیم الشان اجتماع میں شرکت کیلئے ملک اور بیرون ممالک سے مندوبین آرہے ہیں۔ تین روزہ اجتماع میں ممتاز علماء دین اور مبلغین اسلام مخاطب کریں گے۔انتظامی کمیٹی کے ترجمان جناب عتیق الاسلام نے بتایا کہ والینٹرس کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ اجتماع گاہ کو پلاسٹک تھیلوں اور تمباکو سے پاک بنایا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ اجتماع گاہ کے قریب تمباکو اشیاء فروخت کرنے والی ایک بھی دکان کی اجازت نہیں دی گئی اور ریلوے اسٹیشن سے اجتماع گاہ تک ٹریفک انتظامات کے لئے 2,500 تربیت یافتہ والینٹرس کا تعین کیا گیا۔ حکومت آندھراپردیش نے تبلیغی اجتماع کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں جس میں 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ یہ اجتماع گاہ 35 ایکڑ علاقہ پر محیط ہے اور مزید 25 ایکڑ اراضی قیام و طعام کے لئے مختص کی گئی۔ علاوہ ازیں بیرونی ممالک کی 1000 سے زائد جماعتوں کے لئے پانی اور بیت الخلاؤں کی سہولت کے لئے خصوصی خیمے نصب کردیئے گئے۔ عالمی اجتماع میں دنیا کے مختلف ممالک امریکہ، روس، مراقش، سری لنکا، یمن، ملیشیا، فرانس، فیجی، انڈونیشیا، جنوبی افریقہ، گھاناکی جماعتیں شریک ہیں۔