بھوپال : مسجد کے قریب موذن کا قتل

بھوپال 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ایک 65 سالہ موذن کا مسجد کے قریب قتل کردیا گیا ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ اکھاڑے والی مسجد کے موذن نثار احمد مسجد کے قریب ایک بنچ پر بیٹھے ہوئے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کے گلے کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کردیا ۔ اڈیشنل ایس پی راجیش سنگھ بھدوریہ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ موذن پر کسی اسکرو ڈرائیور سے حملہ کیا گیا ہو۔ حملہ کے بعد نثار احمد مسجد کی سمت بھاگے لیکن وہ احاطہ ہی میں گر پڑے۔ انہیں فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈآکٹرس نے انہیں مردہ قرار دیا ۔ مسٹر بھدوریہ نے ایک ڈاکٹر کے حوالے سے کہا کہ موذن نثار احمد زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے فوت ہوگئے ۔ حالانکہ ان کا زخم زیادہ گہرا نہیں تھا لیکن زیادہ وقت تک خون بہتا رہا جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوگئی ۔