کوئی بھی بٹن دبانے پر ٹی آر ایس کو ووٹ، الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام
حیدرآباد۔11 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا بھونگیر کے کانگریس امیدوار کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ انتخابی حلقہ کے 10 پولنگ مراکز پر ووٹنگ مشینوں میں الٹ پھیر کی گئی ہے۔ کسی پارٹی کو ووٹ دیں وہ ٹی آر ایس کے حق میں پڑرہا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ریٹررننگ آفیسر سے نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ 10 پولنگ بوتھس پر رائے دہی منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ شیڈول جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں نے بے قاعدگیوں کو روکنے کے لیے کوشش کی لیکن ٹی آر ایس کے پاس سرکاری مشنری اور دولت کے سبب مکمل طور پر نہیں روک پائے ہیں۔ انہوں نے مثال دی کہ پولنگ بوتھ میں ووٹنگ مشین پر جب کانگریس کے نشان کے آگے بٹن دبایا گیا تو سرخ لائٹ ٹی آر ایس امیدوار کے آگے کھل رہی تھی۔ متعلقہ پریسائڈنگ آفیسر نے مشین کو تبدیل کرنے کا تیقن دیا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کو محض بے قاعدگیوں کے ذریعہ کامیابی پر یقین ہے۔ وینکٹ ریڈی نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ نلگنڈہ ٹائون میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ میں اتم کمار ریڈی کے حق میں عوامی لہر دیکھی جارہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے غریبوں کی بھلائی کے لیے جو انتخابی منشور جاری کیا ہے، اس کے مثبت اثرات دیکھے گئے اور عوام کو کانگریس کے انتخابی منشور پر مکمل بھروسہ ہے۔ کانگریس پارٹی مرکز میں برسر اقتدار آنے پر کسانوں کے لیے علیحدہ بجٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں سے مکمل رپورٹ ملنے کے بعد ضلع کلکٹر اور چیف الیکٹورل آفیسر سے نمائندگی کی جائے گی۔