حیدرآباد۔ 14ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے نمس ہاسپٹل کو ایمس ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کی تجویز کو مرکزی وزارت صحت نے مسترد کردیا جس پر حکومت نے ایمس کی تعمیر کیلئے بھونگیر میں 1000ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی ہے۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید ایکٹ کے میں مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں ایک ایمس (آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس) کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ یو پی اے حکومت کی جانب سے کئے گئے اس اعلان کے بعد ریاستی حکومت نے مرکز کو تجویز روانہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت پنجہ گٹہ میں واقع موجودہ نظام انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنس (نمس) کو ایمس میں تبدیل کرے گی اور نمس کو بی بی نگر منتقل کیا جائے گا لیکن مرکزی وزارت صحت نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نمس ہاسپٹل کی عمارت و رقبہ ایمس کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق نہیں ہے۔ مرکز کی جانب سے اس جواب کے وصول ہونے پر ریاستی حکومت نے شہر سے 50کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع بھونگیر میں 1000ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی ہے جو ایمس کی تعمیر کیلئے مختص کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کو اس سلسلہ میں مرکزی وزارت صحت کا مکتوب موصول ہونے کے بعد حکومت نے نئی تجویز مرکز کو روانہ کردی ہے اور توقع ہے کہ اس تجویز کو قبول کر لیا جائے گا۔ریاست تلنگانہ میں مرکزی زیر انتظام طبی ادارے کے قیام کے لئے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات تیز کر دئے گئے ہیں تاکہ اس پراجکٹ پر تیزی کے ساتھ عمل آوری شروع کی جا سکے۔ محکمۂ صحت کے اعلی عہدیداروں کے بموجب موجودہ نمس ہاسپٹل کو ایمس میں تبدیل کرنے کیلئے روانہ کردہ تجویز پر مرکزی وزارت صحت نے مزید 250ایکڑ اراضی کی ضرورت ظاہر کی تھی اور اس علاقہ میں اتنی وسیع و عریض اراضی کا حصول نا ممکن ہے اسی لئے منصوبہ میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیا پراجکٹ تیار کرتے ہوئے منظوری کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔ حکومت تلنگانہ نے بھونگیر میں نشاندہی کردہ 1000ایکڑ اراضی کی حوالگی کے سلسلہ میں ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ایمس کے ترقیاتی کاموں کے عاجلانہ آغاز پر زور دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے روانہ کردہ اس تجویز کو مرکز کی منظوری حاصل ہوجانے کی امید ہے کیونکہ نشاندہی کردہ اراضی شہر سے کافی قریب ہے اور آمد و رفت کی سہولت بھی موجود ہے۔