بھاگوت کی صدرجمہوریہ کیلئے امیدواری مسترد

عنقریب امیدوار کا اعلان ، لوک پال پر این ڈی اے کا ’’دوہرا معیار‘‘:کانگریس
نئی دہلی۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج بی جے پی پر لوک پال کے تقرر کے سلسلے میں ’’دوہرا معیار‘‘ اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کیلئے جوابدہی لازمی ہے۔ این ڈی اے حکومت کا رجحان جمہوریت کیلئے خطرناک ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کلیدی تقررات کو بے اختیار بناکر ’’منصوبہ بند انداز میں‘‘ دستوری اداروں کی اہمیت کم کررہی ہے۔ کانگریس کے ترجمان گورو گوگوئی نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت میں تقریباً ناممکن بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کو حکومت کے اس رویہ پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر منظم انداز میں جانچ کا طریقہ ختم کرنے اور جمہوریت کے توازن کو تباہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور جوابدہی عصری جمہوریت میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، بلکہ ایک اعتبار سے یہ جمہوریت کے ستون ہیں۔کانگریس نے کہا کہ وہ آر ایس ایس کے سرسنچالک موہن بھاگوت کو صدرجمہوریہ کے عہدہ کا امیدوار نامزد کرنے کی تجویز کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ، داخلی تبادلہ خیال کے بعد اس عہدہ کیلئے اپنے امیدوار کا عنقریب اعلان کرے گی