بھاگلپور (بہار ) ۔ 3 اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے کے بیٹے اریجیت شاسوت کی ضمانت عرضی آج یہاں کی ایک عدالت نے مسترد کردی ۔ وہ اس ضلع میں پیش آئی فرقہ وارانہ جھڑپوں کے سلسلے میں اتوار سے قید ہیں۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ انجنی کمار سریواستو نے اریجیت کے کونسل ویریش کمار مشرا کی داخل کردہ عرضی کو مسترد کردیا ۔ پبلک پراسکیوٹر ستیہ نارائن پرساد نے یہ بات بتائی ۔ اریجیت کو ہندو کیلنڈر کے مطابق سال نو کے موقع پر 17 مارچ کو پیش آئے فرقہ وارانہ فسادات کے نتیجہ میں دائر کردہ دو ایف آئی آر میں سے ایک میں ملزم نامزد کیا گیاہے ۔ اس ضلع کے ناتھ نگر علاقہ میں تشدد پھوٹ پڑا تھا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔