بلند شہر ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایک مقامی بہوجن سماج پارٹی لیڈر کو اپنی 16 سالہ بھانجی کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا جس کے ساتھ اس کے ناجائز تعلقات تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ سابق ضلع پنچایت رکن لوکیش رانا متوطن پاؤسارا ولیج اگوٹا علاقہ کو اس جرم کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا ۔ شادی شدہ لوکیش رانا کے اپنی بھانجی جیوتی متعلم گیارہویں جماعت کے ساتھ تعلقات تھے جو کہ اس کے مکان کے روبرو قیام پذیر تھی۔ لڑکی کے والد نے گمشدگی کی رپورٹ درج کروانے پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس کی سخت پوچھ تاچھ پر رانا نے جیوتی کے قتل اور دریائے گنگا میں نعش کو پھینکنے کا اقبال جرم کرلیا ۔ جس نے بتایا کہ لڑکی کا یہ اصرار تھا کہ اسے دہلی منتقل کردیا جائے جہاں پر رانا کا ٹیکسی بزنس ہے جبکہ مقامی دیہاتی بھی ان کے تعلقات کے بارے میں جان گئے تھے ۔ پولیس نے ملزم کے خلاف عصمت ریزی اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔۔