بھارت بند :نقصانات پر راجستھان میں احتجاج

جئے پور۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دلتوں کے پورے ملک میں ’’بھارت بند‘‘ احتجاج میں کئے گئے تشدد کے واقعات سے ہونے والے نقصانات پر دوسرے طبقہ کے افراد نے راجستھان میں احتجاج کیا۔ اس کی تصدیق ریاستی وزیر داخلہ گلاب چند کٹریا نے کرتے ہوئے کہا کہ ’’دلتوں کے احتجاج سے ہونے والے نقصانات پر راجستھان کے کچھ علاقوں میں دوسری ذات سے تعلق رکھنے والے احتجاج کررہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل این آر کے ریڈی کے مطابق ٹریڈر اسوسی ایشن اور کچھ اعلیٰ طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہنداون شہر میں اکٹھا ہوئے۔ انہوں نے جلوس کی شکل اختیار کی اور ایس سی؍ ایس ٹی اکثریتی علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق پولیس کو ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیاس کے شیلس اور ربر کی گولیاں استعمال کرنی پڑیں۔