بڑھتے جرائم اور عوام کی توقعات پولیس کیلئے دہرا چیلنج : ڈی جی پی

حیدرآباد 26 جولائی (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ڈی جی پی انوراگ شرما نے آج کہاکہ ملک کی پولیس فورس کو ہمہ اقسام کے نت نئے جرائم میں بڑھتی ہوئی پیچیدگیوں میں اضافہ اور ان سے نمٹنے عوام کی بڑھتی ہوئی اُمنگوں جیسے دہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ راؤ بہادر وینکٹ رام ریڈی تلنگانہ اسٹیٹ پولیس اکیڈیمی کے زیراہتمام ’اسمارٹ پولسنگ‘ کے زیرعنوان ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انوراگ شرما نے کہاکہ ’’بڑھتی ہوئی آبادی، شہروں کے تیز رفتار پھیلاؤ، جدید اقتصادی و سماجی قوانین، منظم جرائم اور اس کے ساتھ ٹریفک بہاؤ اور سائبر اور معاشی جرائم میں مسلسل اضافہ پولیس کے لئے نئے چیلنجس ہیں۔ چنانچہ جرائم پر کنٹرول کے لئے پولیس کو نئے طریقہ کار کا استعمال اور صلاحیتوں کا اضافہ کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے تاکہ امن و قانون برقرار رکھتے ہوئے عوام کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔