بڑھتی قیمتوں اور کرنسی کی قدر میں کمی ایران میں حکومت مخالف مظاہرہ

تہران،26جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے دارالحکومت تہران میں ہزاروں افراد ایک بار پھر بڑھتی قیمتوں اور کرنسی کی قدر میں کمی پر حکومت مخالف احتجاج کر رہے ہیں۔تہران کے مرکزی بازار میں جاری ہڑتال کے بعد ان مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا جو ایک غیرمعمولی بات ہے ۔بی بی سی کے مطابق اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایران شام اور دیگر ممالک میں اپنی مداخلت ختم کرے اور اپنے ملک کے اندر جاری معاشی بحران پر توجہ دے ۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان مظاہروں پر قابو پانے کے بعد انھیں معیشت کے حوالے سے شکایات تک محدود کیا گیا۔دوسری جانب سینٹرل بینک آف ایران کا کہنا ہے کہ وہ ایرانی ریال کی قدر میں کمی کو روکنے کے لیے نئے اقدامات کرے گا۔تہران کے گرینڈ بازار میں ہونے والے ان مظاہروں میں تاجروں نے بھی حصہ لیا، دوکانیں بند کر دی گئیں اور ہزاروں افراد دارالحکومت کی سڑکوں پر نکل آئے ۔جیسے ہی مظاہرین نے پارلیمنٹ کی جانب رخ کیا تو انھیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا