ناسک۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ناسک ضلع کی رہنے والی 61 سالہ خاتون پرمیلا نندا پوار تقریباً 15 سال سے دوسروں کے گھروں میں جھاڑو جھٹکا دے کر اپنی گزر بسر کررہی ہیں، حالانکہ اس کے دو بیٹے ہیں۔ ایک بیٹا سیلز ٹیکس کے دفتر میں سپرنٹنڈنٹ ہے اور دوسرا بیٹا بس کنڈیکٹر ہے۔ پرمیلا کا اصل میں تعلق نندور بار شہر سے ہے۔ اس کے شوہر کا 1995ء میں انتقال ہوگیا۔ اس عورت نے دوسروں کے گھروں میں کام کاج کرکے اپنے بیٹوں کو تعلیم دلوائی لیکن ماں اور بیٹوں کے درمیان بعض غلط فہمیاں پیدا ہوگئیں جس کے باعث ان میں علیحدگی ہوگئی اور پرمیلا تنہا ہوکر لوگوں کے گھروں میں صفائی کا کام کرکے زندگی گزارنے لگی۔ اس عورت کو کئی سال تک اپنے بیٹوں کا کوئی اتہ پتہ معلوم نہیں تھا۔ گزشتہ ہفتہ ویڈیو کا ایک کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں پرمیلا نے بتایا کہ اس کا ایک بیٹا ستیش پوار پولیس سب انسپکٹر ہے اور دوسرا لڑکا آشیش پوار ایم ایس آر آئی بس کا ملازم ہے۔ اتفاق سے ناسک کے پولیس کمشنر وشواس نگر پاٹل نے یہ کلپ دیکھا اور پولیس نے اس عورت کے بڑے بیٹے ستیش پوار کا انکم ٹیکس کے محکمہ میں پتہ لگایا اور پولیس نے ماں بیٹے کو سہ شنبہ کو پولیس کمشنر آفس طلب کیا اور دونوں کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کردیا۔ ماں اور بیٹے نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی اور ستیش خوشی خوشی اپنی ماں کو گھر لے کر چلا گیا۔