بڈگام واقعہ کی مجسٹریل تحقیقات

سرینگر ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع بڈگام میں گذشتہ ہفتہ پولیس فائرنگ سے ایک نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ کی آج سے مجسٹریل تحقیقات شروع ہوگئی ہے ۔ اس واقعہ کے خلاف کشمیر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھے ۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بڈگام جنہیں ہفتہ کے دن سہیل احمد صوفی کی ہلاکت کی وجوہات اور حالات کا پتہ چلانے کے لیے تحقیقاتی عہدیدار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔ آج سے عینی شاہدین اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کریں گے ۔ قبل ازیں حکومت جموں و کشمیر نے 18 اپریل کے واقعہ کی مجسٹریٹ تحقیقات کا حکم دیا تھا ۔ جب کہ بڈگاؤں ضلع کے نربال میں پولیس فائرنگ سے ایک نوجوان سہیل احمد صوفی ہلاک ہوگیا تھا ۔ مہلوک کے خاندان نے الزام عائد کیا تھا کہ صوفی اور دیگر 2 نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کر کے انکاونٹر کردیا تھا ۔ پولیس نے اس کیس میں 2 عہدیداروں بشمول ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو گرفتار کرلیا ہے ۔۔