ڈنڈوری 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے اس ضلع میں پیش آئے ہجومی تشدد کے ایک اور واقعہ میں دیہاتیوں نے جسمانی طور پر معذور ایک شخص کو ’بچہ چور‘ ہونے کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ ضلع مستقر سے 40 کیلو میٹر دور منگور میں 28 جولائی کو پیش آیا جہاں قبائلیوں کی غالب آبادی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس کے کارتکیان نے کہاکہ یکم اگسٹ کو گاؤں کی باؤلی میں ایک نعش کا پتہ چلا تھا۔ مہلوک کی شناخت 27 سالہ مکیش گونڈ کی حیثیت سے کی گئی ہے جو انوپور ضلع کا ساکن تھا۔ تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ چار دیہاتیوں جگدیش، چیترام، سنجے اور گنگا رام 28 جولائی کی شب شراب نوشی میں مصروف تھے کہ وہاں گونڈ کو مشتبہ حالت میں گھومتا ہوا پایا تھا۔ انھوں نے گوند کو اپنے پاس بلانے کی کوشش کی لیکن وہ قریبی اسکول میں چھپ گیا تھا۔ بعدازاں چاروں نے اُس کو گھسیٹ کر باہر نکالا اور پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔