بچہ رائے کے دفتر سے ہتھیار برآمد آرمس ایکٹ کے تحت ایک اور کیس درج

حاجی پور ( بہار ) ۔ 20 ۔ جون : (سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع ویشالی میں واقع بشون رائے انٹرمیڈیٹ کالج پرنسپال بچہ رائے کے دفتر سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیے جانے کے ایک دن بعد ان کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ جب کہ انٹر میڈیٹ ٹاپر اسکام منظر عام پر آنے کے بعد وہ تنازعہ میں گھیر گئے ہیں ۔ بھگوان پور پولیس اسٹیشن کے انچارج وکرم آچاریہ نے بتایا کہ غیر قانونی طریقہ سے اسلحہ و گولہ بارود رکھنے کے الزام میں آرمس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرلیا گیا ہے اور ویشالی پولیس بہت جلد پوچھ تاچھ کے لیے انہیں تحویل میں لے گی ۔ واضح رہے کہ ٹاپر اسکام کی تحقیقات کرنے والی خصوصی ٹیم نے کل کالج کے احاطہ میں دھاوے کر کے ایک دیسی ساختہ پستول اور 5 کارآمد گولیاں برآمد کرلی تھیں ۔ قبل ازیں بچہ رائے کو ٹاپر اسکام میں ان کے کالج طلباء بشمول روبی رائے اور سراب سریتا کے ملوث ہونے پر 11 جون کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ یہ اسکینڈل اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب نیوز چیانل کے نمائندوں نے ٹاپر طلباء سے ان کے مضامین سے متعلق سوالات کیے تو مضحکہ خیز جوابات دئیے ۔۔