حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( ایجنسیز ) : سائبر آباد کمشنریٹ پر پولیس عہدیداروں کے لیے جنسی جرائم قانون اور جویلن ایکٹ کے ذریعہ بچوں کے تحفظ پر آگاہی سے متعلق ایک ورکشاپ کا پیر کے روز اہتمام کیا گیا ۔ سب انسپکٹر اور زائد درجہ کے پولیس عہدیداروں کے لیے ایک ٹریننگ سیشن کا بھی انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ ڈی سی پی ملکاجگیری آر راجہ راجیشوری جنہیں سائبر آباد کمشنر کی جانب سے نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے نے آگاہی پروگرام کی نگرانی کی ۔ اس آگاہی پروگرام میں بشمول سائبر آباد ایڈیشنل ڈی سی پی ( اسپیشل برانچ ) ڈی پرتاپ ریڈی ، 23 انسپکٹرس ، 53 سب انسپکٹرس ، سائبر آباد کے تمام پولیس اسٹیشنس سے تقریبا 75 عہدیداروں نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر ڈی سی پی نے ہر پولیس اسٹیشن سے بحیثیت چائیلڈ ویلفیر آفیسر ایک ایس آئی کو کمشنریٹ میں 43 پولیس اسٹیشنس کے لیے نامزد کیا ۔ بحیثیت چائیلڈ ویلفیر آفیسر نامزد کردہ سب انسپکٹرس تمام اسکولس کا دورہ کرتے ہوئے پروگرام کے تئیں آگاہی پیدا کرنے کی غرض سے اسکول انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے ۔۔