بچوں کی اسمگلنگ کا کیس بی جے پی کی لیڈر زیرحراست

جلپائی گڑی (مغربی بنگال) ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی ویمنس ونگ لیڈر جوہی چودھری کو جلپائی گڑی بچہ اسمگلنگ کیس میں ان کے مبینہ ملوث ہونے کی پاداش میں سی آئی ڈی نے کل شب ہند۔ نیپال سرحد کے قریب بتاسیا علاقہ سے گرفتار کرلیا۔ کم از کم 17 بچوں کی غیرقانونی منتقلی والے کیس میں ابھی تک چار افراد اپنے مبینہ رول پر گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ کریمنل انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) عہدیداروں نے کہا کہ جوہی کو مزید پوچھ تاچھ کیلئے جلپائی گڑی لایا جارہا ہے اور ڈسٹرکٹ جج کے روبرو پیشی ہوگی۔ صدر مغربی بنگال بی جے پی دلیپ گھوش نے کہا کہ پارٹی جوہی کے خلاف الزامات کا جائزہ لے رہی ہے اور اگر وہ خاطی پائی جائے تو کارروائی کرے گی۔ ایک این جی او کی چیف اڈاپشن آفیسر سونالی مونڈل، اس کی چیئرپرسن چندنا چکرورتی اور چندنا کا بھائی مانس بھومیک کو اس کیس میں قبل ازیں سی آئی ڈی گرفتار کرچکی ہے۔