بنگلورو ، 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک بیروزگار نوجوان جو کہ روزگار کی تلاش میں نکلا تھا، اسے بچوں کو اغوا کرنے والا سمجھ کر ہجوم نے مار مار کر ہلاک کردیا ہے، یہ واردات یہاں چامراج پیٹے میں واقع ایک پنشن محلے کی روڈ پر پیش آئی ہے۔ لمبے بال اور ترچھی لمبی داڑھی میں مشکوک حالت میں گھومتے دیکھ کر عوام اسے جرائم پیشہ سمجھ بیٹھے اور بھیڑ کی شکل میں عوام اس پر برس پڑے۔ سخت زخمی حالت میں اس کے ہاتھ پیر باندھ کر اسے راستے پر گھسیٹا بھی گیا۔ ایک عینی شاہد نے فوری اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ تب تک وہ شخص بے تحاشہ پٹائی سے بدحال ہوچکا تھا۔ پولیس کی جانب سے اسے اسپتال لے جانے کے دوران اُس نے دم توڑ دیا۔ اُس کی شناخت کالورام کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولیس نے حملہ کرنے والوں کے خلاف معاملہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی وہ کیمرہ کی مدد سے اب تک 11 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔