بوکو حرام کے حملہ میں پانچ افراد ہلاک

کانو ۔23 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) شمالی نائیجریا میں رات دیر گئے بوکوحرام کی جانب سے کئے گئے ایک دھاوے میں کم و بیش پانچ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ۔ یہاں رہنے والے لوگوں نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے کچھ لوگوں کی موجودگی میں اُس کے پاس موجود دھماکو اشیاء کو آگ دکھاکر زبردست دھماکہ کردیا ۔ اُس وقت وہاں موجود لوگ محو خواب تھے کیونکہ رات کے 12:15 بجے ہوئے تھے ۔ دھماکے کے بعد بوکوحرام کے جہادیوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جو اندھیرے میں چھپے ہوئے تھے ۔ اس علاقہ میں موجود ایک سیویلین ملیشیا مصطفی محمد نے یہ بات بتائی ۔ اپنے گاؤں تنگوتبے سے فون پر اُس نے یہ اطلاع دی ۔ عمرنامی ایک اور شخص نے بتایا کہ حملہ آوروں نے گھاس پھوس اور بیدوں سے بنے آٹھ مکانات اور تین گاڑیوں کو نذر آتش کردیا اور 100 گایوں کا سرقہ بھی کرلیا۔