بوکوحرام نے 80دیہاتیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا

مائیدوگوری ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی نائجیریا میں واقع بورنو کے گورنر نے بتایا کہ ان کے گورنریٹ کے ایک دوردراز علاقہ میں اسلام انتہاء پسندوں کے گروپ بوکوحرام نے 80 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔ گورنر قاسم شیتماع نے کل ان ہلاکتوں کی توثیق کی۔ تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ انہوں نے کل ان 219 مغویہ لڑکیوں کے والدین سے ملاقات کے لئے ایک اجلاس طلب کیا تھا اور اس اجلاس کے دوران انہوں نے 80 دیہاتیوں کی ہلاکتوں کا تذکرہ کیا۔ یاد رہے کہ مغویہ لڑکیاں تقریباً دیڑھ سال قبل چبوک میں واقع ان کی اسکول سے اغواء کیا گیا تھا۔ دوسری طرف موضع بانو سے راہ فرار اختیار کرنے والے دیہاتیوں نے بتایا کہ بوکوحرام نے ان کے موضع پر جمعہ کی شب کو ہلہ بول دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رات بھر انہوں نے آس پاس کی جھاڑیوں میں بغیر سوئے ہوئے گذار دی اور اب صبح اجالا ہونے کے بعد یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راستے میں انہیں جگہ جگہ نعشیں پڑی ہوئی نظر آئیں۔ مصطفی نامی ایک کسان نے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ بوکوحرام نے گذشتہ 6 سالوں کے دوران اب تک 20,000 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔