جوہانس برگ،29اگست (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا کے صدر محمد بوہاری نے کہا کہ اسلامی شدت پسند تنظیم بوکو حرام کا سرغنہ ابو بکر فضائی حملے میں زخمی ہوگیا ہے ۔ کینیا میں منعقد ٹوکیو انٹرنیشنل کانفرنس آف افریقہ ڈیولپمنٹ کے دوران مسٹر بوہاری نے کل کہا کہ بوکو حرام کا فی الحال نائجیریا کے کسی بھی علاقے پر قبضہ نہیں ہے اور وہاں تنظیم اب الگ الگ گروپوں میں منقسم ہوچکی ہے ۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ ان کی حکومت د و سال قبل بوکوحرام کے ذریعہ چیبوک سے اغوا کی گئی اسکولی طالبات کی رہائی کے لئے بات چیت کرنے کے لئے تیار ہے ۔ مسٹر بوہاری کا کہنا ہے کہ اگر بوکو حرام کی قیادت حکومت سے بات چیت نہیں کرنا چاہتی ہے تو اسے اس کے لئے بین الاقوامی تسلیم شدہ غیر سرکاری تنظیموں سے رابطہ قائم کرنا چاہئے ۔ نائیجیریا کی حکومت ان اغوا شدہ لڑکیوں کی سلامتی چاہتی ہے ۔