بونال تہوار کے انعقاد کیلئے وسیع انتظامات : سرینواس یادو

حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز)وزیر کمرشیل ٹیکسس مسٹر سرینواس یادو نے کہا کہ دونوں شہروں میں بونال تہوار کے منظم انداز میں انعقاد کیلئے وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انتظامات کے سلسلہ میں وزیر موصوف نے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا ۔سرینواس یادونے کہا کہ حکومت بونال تہوار کو ریاست میں سرکاری تہوار کے طور پر منظم کرنے کا اعلان کرچکی ہے ۔ 2 اگست کو سکندرآباد میںمہانکالی بونال تہوار منظم کیا جائے گا ۔ 9 اور 10 اگست کو پرانے شہر میں بونال تہوار کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ سرینواس یادو نے بتایاکہ حقیقی طور پر 25 جولائی کو گولکنڈہ سے بونال تہوار کا حیدرآباد میں آغاز ہوگا ۔ مہانکالی بونال کے سلسلہ میں خود چیف منسٹر چندر شیکھر راو اور ان کی اہلیہ باقاعدہ ملبوسات پیش کریں گے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ سکندرآباد بونال تہوار میں میلہ بھی لگایا جاتا ہے ۔ سکندرآباد بونال میں دس تا 12 لاکھ افراد شریک ہونگے ۔ انہوں نے بتایا کہ قبل از وقت انتظامات کیلئے جائزہ اجلاس بھی طلب کیا جارہا ہے ۔