بوسنیا میں نائٹ کلب پر دستی بم حملہ ‘ 26زخمی

سرائیوو۔12مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بوسنیا ہرزیگوینا پولیس نے کہا ہے کہ ایک شخص نے ایک نائٹ کلب پر دستی بم حملہکے ذریعہ 26افراد کو زخمی کردیا جن میں چھ کی حالت تشویشناک کی ہے اور بعد ازاں فون پر پولیس سے شکایت کی کہ اس واقعہ کے بعد نائٹ کلب کے باؤنسروں نے اس کو بری طرح زدوکوب کیا ۔ مغربی بوسنیا کے ویلیکا کلا دوسا ٹاؤن میں گذشتہ روز نائٹ کلب پر حملہ ہوا تھا اور پولیس نے آج کہا کہ انہوں نے 30سالہ مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا جب وہ قریبی رسٹورنٹ سے ٹیلی فون پر پولیس سے بات چیت کررہا تھا ۔ اس کے جسم پر زخم کے نشانات پائے گئے ۔ عینی شاہدین نے بوسنیائی ٹیلی ویژن سے کہا کہ اس شخص کو نائٹ کلب سے باہر نکال دیا گیا کیوں کہ وہ ہر ٹیبل پر پہنچ کر مہمانوں کی توہین کررہا تھا ‘ تاہم کچھ دیر بعد وہ دوبارہ وہاں پہنچا اور کلب میں داخل ہونے سے روکنے والے باؤنسروں پر دستی بم پھینک دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بم حملہ آور نے کلب کے باب الداخلہ پر موجود سیکیورٹی گارڈز سے بحث و تکرار کی تھی اور ان پر حملہ کی کوشش بھی کی‘ جس کو روکنے کیلئے باؤنسر کو مداخلت کرنا پڑا ۔ سمجھاجاتا ہے باؤنسر کے ساتھ ہاتھا پائی میں وہ زخمی ہوگیا ۔